اسلام آباد : فاٹا کے چار نومنتخب اراکین نے سینیٹرز کی حیثیت سے حلف لے لیا۔نومنتخب چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔
ان اراکین میں ساجد طوری، خان محمد خان آفریدی، مومن خان اور اورنگزیب خان شامل ہیں ۔ چئیرمین سینیٹ نے انتخاب میں اراکین کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پارلیمنٹ کی بالادستی پر وہ کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائمہ کمیٹیاں پارلیمنٹ کی زندگی ہوتی ہے۔ ان کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ چئیرمین سینیٹ نے قائمہ کمیٹیوں کے چئیرمینوں اور اراکین کی تقرری کے لئے جلد نام دینے کی ہدایت بھی کی۔
میاں رضا ربانی نے کہا کہ آزاد اراکین جلد اپنی پارٹی ترجیحات طے کرکے آگاہ کریں۔ فاٹا کے اراکین کے حلف کے بعد سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح دس بجے تک ملتوی ہوگیا ہے۔