شیخ سیّد ابو الحسن علی ہجویری رحمتہ اللہ علیہ المعروف داتا گنج بخش کا نو سو سترواں عرس لاہور میں شروع ہو گیا۔ عرس تین دن جاری رہے گا۔ شہر کا موسم شدید سرد،مگرعقیدت مندوں نے ماحول گرما رکھا ہے۔
لاہور میں حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کی تقریبات کا آغاز وزریرخزانہ اسحاق ڈار نے مزار پر چادر چڑھاکر کیا۔ جس کے بعد دودھ کی سبیل کا افتتاح کیا گیا۔ عرس کے باقاعدہ آغاز سے پہلے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
عرس مبارک کیلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر مذہبی اوقاف عطا محمد مانیکا سمیت مختلف مذہبی رہنما اور علمائے کرام سمیت عمائدین شہر موجود تھے۔ عرس میں اندرون اور بیرون ممالک سے ہزاروں کی تعداد میں زائرین شریک ہو رہے ہیں۔ جس کیلئے محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی ہے۔
عرس کے دوران قومی محفل قرات۔ قومی محافل نعت اور سماع ہال داتا دربار کمپلیکس میں محافل ہوں گی۔ لاہور کا موسم سرد ہے لیکن عقیدت مندوں کے جذبوں کی حرارت نے داتا دربار کا ماحول گرما رکھا ہے۔ لوگ چادریں اٹھائے مزارپرپہنچ رہے ہیں۔ دعائیں اور منتیں مانگ رہے ہیں۔