لاہور: ماڈل ٹاؤن پولیس نے ریٹائرڈ لیڈی کرنل ڈاکٹر فرخ رفیع کے اندھے قتل کا سراغ لگا کردو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے دونوں ملزمان میاں بیوی نے قتل کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی ماڈل ٹاؤن آپریشن ڈاکٹر باقر رضا اور ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر رضوان خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے میڈیا کو بتایا کہ چند روز قبل ماڈل ٹاؤن سوسا ئٹی میں ریٹائرڈ لیڈی کرنل ڈاکٹر فرخ رفیع کی لاش گھر سے ملی تھی ۔
ڈاکٹر فرخ رفیع کی نعش کو پلاسٹک بیگ میں لپیٹ کر اسٹور میں چھپایاگیا تھا، انہیں گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا گیا، تفتیش کے دوران مقتولہ کے بھتیجے نوید سرفراز کو مشکوک جان کر پولیس نے اس کی ریکی کی اور اسے گرفتار کر لیا۔
ملزم نوید سرفرازنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے یہ قتل اپنی بیوی حفصہ نوید کے ساتھ مل کر جائیداد کی لالچ میں کیاتھا اور اس کا مشورہ ملائشیا سے واپس آکر کیا گیا۔
دونوں ملزمان نے ڈاکٹر فرخ رفیع کےقتل کا اعتراف کرلیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔