لاہور میں واپڈا ملازمین نے مہنگائی، بیروزگاری، بجلی گیس کی بندش اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ واپڈا پیغام یونین کی کال پر ہونےوالے احتجاجی مظاہرے کے بعد لاہور پریس کلب کے سامنے دھرنا بھی دیا گیا۔
شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کیخلاف نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پیغام یونین احسان احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی کئی قومی اداروں کی نجکاری کی گئی ،جس سے ہزاروں ملازمین بیروزگار ہوئے۔
مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ بنیادی اشیاءبھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے بجائے اِن کی اصلاح کی جائے تاکہ مزید ملازمین کوبیروز گار ہونے سے بچایا جا سکے۔