کراچی : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نےگزشتہ رات نائن زیرو پر کارکنوں سےخطاب میں کہا کہ ایم کیوایم مرکزپر چھاپہ اور آپریشن، متحدہ کوختم کرنےکی سازش ہے۔
الطاف حسین کے خطاب کے دوران فوجی جرنیلوں کے خلاف عمران خان کےبیان کی وڈیوبھی دکھائی گئی۔
ایم کیو ایم کے قائد نے رات گئے اہم خطاب میں اپنے کارکنوں کے سامنے مائنس الطاف حسین فارمولارکھا، جسے سب نے فلگ شگاف نعرے لگا کر مسترد کردیا، مطلوب افراد کو باہر سے لایا گیا تھا لیکن ان کی گرفتاری نائن زیرو سے دکھائی گئی۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے کا خواب قیامت تک پورا نہ ہوگا،الطاف حسین ایم کیوایم مرکزپرچھاپہ اور آپریشن کا مقصد متحدہ کو ختم کرنےکی سازش ہے، آپریشن میں ایم کیوایم کے کارکنان کو چن چن کر مارا گیا۔
انھوں نے کہا کہ آپریشن کرنے والے زندہ نہیں بچے، قسم ہے ایم کیو ایم نے نہیں مارا اگر کسی کا دماغ گھوم جائے اور وہ انہیں گھما دے تو ہمارا کیا قصور۔
الطاف حسین نے کہا کہ فوجی جرنیلوں کی شان میں عمران خان نے گستاخی کی۔
انھوں نے گلوبٹ پر اپنا غصہ اتارتے ہوئے وزیرِاعظم نوازشریف کو بھی تنقید بنا ڈالا، گلو بٹ نے پولیس کی نگرانی میں ماڈل ٹاون پر حملہ کیا گلوبٹ مسلم لیگ کا نامی گرامی رکن مانا جاتا ہے تو گلو بٹ کی گرفتاری کیلئے نوازشریف کے گھر پر چھاپہ کیوں نہیں مارا گیا۔
الطاف حسین نے کہا کہ کہ بین الاقوامی اورجغرافیائی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے پاکستان کو یمن سعودی جنگ میں نہیں کودنا چاہئے
نائن زیرو پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کا کہنا ہے ان کی آصف زرداری سے تفصیلی بات چیت ہو ئی ہے اورمیں نے اپنا عندیہ ان کو دے دیا ہے میری سوچ کے مطابق یمن اورسعودی عرب کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے طے کیا جانا چا ہئے۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اگر یمن اور سعودی عرب کے درمیان جنگ شدید ہوجائے تو بھی پاکستان کو اس جنگ میں نہیں کودنا چاہئے، پاکستان کو اپنے بہترین مفاد میں فیصلہ کرنا ہوگا اور اس جنگ سے اپنے آپ کو دور رکھنا ہوگا۔