لاہور: ینگ نرسوں کا چھٹے روز بھی جناح اسپتال میں احتجاجی دھرنا جاری ہے پنجاب کے اسپتالوں میں آؤٹ ڈور اور ان ڈور میں نرسوں نے کام بند کردیا ہے۔
جناح اسپتال کے ڈاکٹر کی نرس سے مبینہ بدتمیزی کے خلاف ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی تھی جس کے باعث ایمر جنسی اور آئی سی یو کے علاوہ تمام وارڈز میں نرسز کی ہڑتال جاری ہے۔ جناح اسپتال لاہور کے باہر دھرنے کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
گزشتہ روز اسپتال انتظامیہ اور وائی این اے کے درمیان ہونے والے مزاکرات ناکام ہوگئے تھے اور جناح اسپتال کے ڈاکٹر کی مبینہ بدتمیزی کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاہم ینگ نرسز کا کہنا ہے کہ متعلقہ داکٹر کی معطلی تک نرسز کا احتجاج جاری رہے گا۔