ہیملٹن :ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے کر گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ گروپ اے میں نیوزی لینڈ سب سے آگے ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم بھی کیویز کی فتوحات کو بریک نہ لگاسکی۔ ہیملٹن میں میزبان ٹیم نے میدان مارلیا، نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
حریف ٹیم نے محمود اللہ کی لگاتار دوسری سینچری کی بدولت اسکور بورڈ پر دو سو اٹھاسی رنز کا فائٹنگ ٹوٹل بنایا۔ محموداللہ نے ایک سو اٹھائیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے باوجود بنگلہ دیشی بولرز بلیک کیپس کو نہ روک پائے۔ مارٹن گپتل کی سینچری اور روز ٹیلر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو کامیابی دلادی۔
نیوزی لینڈ نے ہدف انچاسویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، نیوزی لینڈ نے گروپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے بارہ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی۔