کرائسٹ چرچ :کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کا دوسرا کڑا امتحان ہفتے کو کرائسٹ چرچ میں ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کے میدان ہیگلے اوول میں اب چھکے اور چوکوں کی برسات ہوگی۔
اس میچ میں وکٹیں بھی اڑیں گی اور شائقین کا جوش بھی بڑھے گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کو جیت کا بے صبری سے انتظارہے۔
دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں شکست سے دوچار ہوئیں اور زخمی شیروں کی طرح ایک دوسرے پر جھپٹیں گی۔
ورلڈ کپ میں پاکستان ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں نو مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں۔ کالی آندھی نے چھ میں کامیابی حاصل کی اور شاہین صرف تین میچز جیت سکے۔
انٹرنیشنل میچز میں بھی ویسٹ اندیز کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ ایک سوچھبیس مقابلوں میں پاکستان پچپن میچز میں شکست سے دوچار ہوا اور ویسٹ انڈیز اڑسٹھ معرکے میں فاتح رہا،تین میچز بے نتیجہ ثابت ہوئے۔
شاہین اونچی اڑان اڑنے کیلئے بے تاب دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن کالی اندھی کی تند و تیز ہواؤں کے جھونکے کیا ایسا ہونے دینگے؟ یہ تو میچ کا فیصلہ بتائے گا۔