پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان تقریب میں شرکت کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئے، تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک اسکول پشاور میں ہونے والے سانحہ کے شہداء کے چہلم کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچ گئے۔
گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمد عباسی بھی گورنرہاؤس سے پیدل وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے ،دونوں شخصیات بغیر کسی پروٹوکول کے وزیراعلیٰ ہاؤس آئیں۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب کا آغاز ہوچکا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد میں پشاور روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کاآصف زرداری کے دور سے بھی براحال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دھرنا ہوتا توحکومت پیٹرول کی قلت کا الزام بھی ہم پر لگا دیتی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے سانحہ پشاور کے شہداء کے چہلم کے موقع پر ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہیں، ان کہ کہنا تھا کہ میں جو بھی فیصلہ کرتا ہوں میرے سامنے ان شہید بچوں کا چہرہ ہوتا ہے۔