دبئی : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کی برابری کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مختصر طرز کے فارمیٹ میں مدمقابل ہونگی۔
پاکستان ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی اور نیوزی لینڈ کی قیادت کین ولیمسن کرینگے۔ نیوزی لینڈ کو فاسٹ بولرز ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کی خدمات بھی حاصل نہیں ہوں گی۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی سے قبل دونوں ٹیموں کی بھرپور نیٹ پریکٹس جاری ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مجموعی طور پر نو ٹی ٹوئنٹی کھیلے جاچکے ہیں۔
چھ میں گرین شرٹس کامیاب رہے۔۔ تین میں کیویز نے میدان مارا۔ مختصر فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں اکتوبر دوہزار بارہ کے بعد ایکشن میں ہوں گی۔ دبئی میں اس سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دونوں میچز میں فتح حاصل کی ہے۔
سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے کپتان میچ میں کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔