کراچی : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باوجود مہنگائی کاجن بے قابوہوگیا ہے، حکومت پیٹرول سستا کرنے کے باوجود عوام کی امیدوں پر پوری نہ اترسکی۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ غریب عوام اس امید پر جی رہے تھے کہ شاید پیٹرول سستا ہونے سے اشیائے خوردونوش بھی سستی ہوجائیں گی لیکن پیٹرول سستا ہونے کے باوجود مہنگائی کاجن ہے کہ قابوہونے میں ہی نہیں آرہا۔
حکومت کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ حکومت ملک بھر میں پیٹرول سستا ہونے کا فائدہ عوام تک پہچانے میں ناکام ہوگئی ہے۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ پٹرول کے ساتھ ساتھ اشیا خوردونوش کی قیمتیں بھی کم کی جائیں۔ مہنگائی نے غریبوں کو آٹھ آٹھ آنسو رلا رکھا ہےلیکن حکمرانوں کے پاس بظاہر دعوؤں کے سوا کچھ نہیں ہے۔
دوسری جانب پبلک ٹرانسپورٹ مالکان بھی عوام کو ریلیف دینے کے موڈ میں نظر نہیں آرہے۔
علاوہ ازیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے عہدیدار دکانداروں کو پرائس لسٹ تو تھما دیتے ہیں لیکن اس لسٹ کے نرخوں پرعملدرآمد کرانا ان کے بس کی بات نہیں۔