گلاسگو :کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کے حصول کی جنگ جاری ہے۔ آج بھی پندرہ ایونٹس میں ایتھلیٹس مدمقابل ہیں۔ پاکستانی ایتھلیٹس بھی ایکشن میں ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں انگلینڈ کے ایتھلیٹس چھائے ہوئے ہیں۔ انگلینڈ مجموعی طور پر بارہ طلائی تمغوں کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔
آسٹریلیا گیارہ گولڈ میڈل لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہے میزبان اسکاٹ لینڈ سات طلائی تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ ایونٹ میں پاکستانی ایتھلیٹس نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔۔ دوسرے روز مردوں کے لان بالز میں انگلینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو نو کے مقابلے چوبیس گول سے شکست دی۔
شوٹنگ کے مقابلوں میں بھی قومی ایتھلیٹ خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔مردوں کی اسکیٹ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کے عثمان چاند سرسٹھ پوائنٹس کےساتھ تیرہویں نمبر پررہے۔
خواتین کی دس میٹر ائیر پسٹل کوالیفائنگ راؤنڈ میں مہوش فرحان پندرہویں نمبر پر رہیں۔ مردوں کی انہتر کلو گرام ویٹ کیٹگری میں پاکستان کے حسن آصف ناکام ہوگئے۔
کھیلوں میں آج تیسرے روز پاکستانی ایتھلیٹ، شوٹنگ، سوئمنگ اور لان بالز کے ایونٹ میں قسمت آزمائی کریں گے۔