کراچی کے علاقے دستگیر بلاک پندرہ کے رہائشی مکان میں آگ لگنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دو منزلہ عمارت میں عاصم اور اس کا بھائی اپنی فیملی کے ہمراہ رہائش پزیر تھے، رات گئے شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک عاصم کے کمرے میں آگ لگ گئی۔
جہاں عاصم اس کی اہلیہ ارم، چھ سالہ بیٹا شارق اور پندرہ سالہ بیٹی قرت العین سو رہے تھے، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے شدت اختیار کی اور ان چاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
علاقہ مکینوں نے ریسکیو ٹیموں کے ساتھ چاروں افراد کو جھلسی ہوئی حالت میں اسپتال پہنچایا جہاں وہ چاروں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے، نچلی منزل پر واقع عاصم کے بھائی اور ان کے اہل خانہ نے گھر سے باہر نکل کر جان بچائی۔
پولیس کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ الیکٹریکل ہیٹر کا استعمال کیا گیا تھا جس میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی تاہم کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔