کراچی: دھابیجی، گھارو پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی مین پائپ لائن پھٹ گئی، جس سے شہر کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق رات گئے اچانک بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے مین لائن میں پانی کا دباؤ بڑھ گیا، جس سے مین لائن پھٹ گئی، ترجمان کا کہنا تھا کہ گھارو پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن معمول بن گیا ہے، کے الیکٹرک کومتعدد شکایات کے باوجود بجلی کی معطلی کا سلسلہ نہ رک سکا،چند روز میں پائپ لائن پھٹنےکا یہ دوسراواقعہ ہے۔
کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ پانی کی قلت بھی پوری آب وتاب سے جاری ہے، دھابے جی اور گھارو پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث پمپ بن ہونے سے شہر کودس کروڑ گیلن پانی کی فراہمی معطل ہوگئی، پہلے سے پانی کی قلت کا عذاب جھیلتے عوام کے لئے پمپنگ اسٹیشنوں پر لوڈشیڈنگ پانی کی مزید قلت کا عذاب لے کے آگئی ۔
پانی کی عدم دستیابی کے باعث لانڈھی، کورنگی، نارتھ کراچی، سیکٹر الیون سی ٹو، نارتھ ناظم آباد ، لیاقت آباد اور دیگر علاقے متاثر ہورہے ہیں ،پانی کی بندش ٹینکر مافیا کی کمائی کا سنہری موقع بن گئی اورٹینکر مافیا مہنگے داموں پانی فروخت کررہی ہے۔