کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ کارراوئیوں میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ کراچی میں قتل و غارت گری کے بڑھتے واقعات کے بعد پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔رینجرز نے لیاری کے علاقوں رانگی واڑہ اور عیسیٰ نگری میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار اور بھتہ خوری میں ملوث تین افراد کو گرفتارکرلیا۔
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ اورنگی ٹاؤن فرنٹئیر کالونی میں پولیس نے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیاپولیس ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن گذشتہ شب پیر آباد کے علاقے میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تاہم کارروائی کے دوران پولیس کو ئی اہم کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔
لیاقت آباد اور شریف آباد پولیس نے ایف سی ایریا، الکرم اسکوائر، اپسرا اپارٹمنٹ اور بندھانی کالونی میں کارروائی کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا، کیماڑی پولیس نے بھی بینک ڈکیتیوں اور پولیس مقابلوں میں ملوث اشتہاری ملزم جاوید قریشی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزم کو ملتان کی عدالت نے اشتہاری قرار دیا تھا۔ بوٹ بیسن پولیس نے بھی اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔