کراچی: کراچی میں شارع فیصل پرعمارت میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا آتش زدگی کے نتیجے میں آفس کا فرنیچر، مشینری اور اہم دستاویزات جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔
فائر برگیڈ حکام کے مطابق شارع فیصل پر بلوچ کالونی کے قریب تجارتی عمارت کی چھٹی اور ساتویں منزل پر آگ بھڑک اٹھی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں فلورز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں اور ایک اسنارکل نے چار گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں آفس میں موجود چند افراد عمارت کی چھت پر چڑھ گئے تھے جنھیں اسنارکل کی مدد سے باحفاظت نیچے اتار لیا گیا ہے۔
ای ڈی او میونسپل مسعود عالم کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آتش زدگی کے نتیجے میں چھٹے اور ساتویں فلور کے آفس کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
واضح رہے کہ شہر کی بیشتر تجارتی عمارتوں میں فائرسسٹم نہ ہونے کی وجہ سے آتشزدگی کے واقعات میں قابو پانے میں مسائل کا سامنا ہے جبکہ ایمرجنسی اخراج نہ ہونے کے باعث کئی لوگوں کی جانیں بھی جاچکی ہیں۔