ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کراچی میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے،ڈاکٹر فاروق ستار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن وحق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ شہرکے ہرعلاقے میں پانی کی فراہمی واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے لہٰذاشہرکے جن علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے اور ناغہ سسٹم کے باوجود پانی کی عدم فراہمی سے شہری پریشان ہیں پانی کی فراہمی کومساویہ و منصفانہ تقسیم کے ذریعے ایسے تمام علاقوں میں یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ میرے حلقہ انتخاب میں ماہ رمضان سے پانی کی شدید قلت ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کربلا کا سماں ہے اورشہری شدید مشکلات وپریشانیوں کاشکارہیں۔انہوں نے کہاکہ حق پرست نمائندے عوام سے براہ راست رابطہ میں رہتے ہیں اور ان کے مسائل سے ہمہ وقت آگاہ ہیں جبکہ شہریوں کوپانی کی فراہمی بھی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اورہم کسی قیمت پر یہ برداشت نہیں کریں گے کہ اولڈ سٹی ایریا ،کھارادر صدر و قرب وجوار کے علاقوں سمیت کراچی کے کسی بھی علاقے کے مکینوں کو پانی سے محروم رکھاجائے ۔

انہوں نے واٹر بورڈ حکام سے کہاکہ وہ ان علاقوں میں پانی لازمی فراہمی یقینی بنائیں اوراس سنگین مسئلے پر پوری توجہ دیں۔اس ضمن میں کوئی جواز یاکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اولڈ سٹی ایریا ،کھارادر اورمختلف علاقوں کے وفود بھی موجود تھے جبکہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر افتخار احمد خان چیف انجینئرساوٴتھ محمد عارف خان ،چیف انجینئرڈبلیو ٹی ایم ظفر علی پلیجو اور ایس ای آصف قادری بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وفد نے ڈاکٹر محمد فاروق ستار کو اپنے علاقوں میں پانی کی شدید قلت اور سیوریج کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ ڈاکٹرمحمد فاروق ستار نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا صدر ، کھارادر اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی بحرانی کیفیت ہے جس کی وجہ سے شہری مہنگے داموں پانی خریدرہے ہیں لہٰذا ان تمام علاقوں میں بھی دوسرے علاقوں کی طرح پانی فراہم کیا جائے اور سوریج سسٹم کے بارے میں شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے بصورت دیگر عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

اس لئے کہ ہم شہریوں کے مسائل کو نظر انداز نہیں کرسکتے ۔دریں اثناء پانی کی ان علاقوں میں فراہمی یقینی بنانے کے لئے درپیش دشواریوں سے متعلق واٹر بورڈ افسران نے تفصیلی بریفنگ دی ،ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ یہ بات اصولی طور پر طے ہوچکی ہے کہ واٹر بورڈ ان علاقوں میں ناغہ سسٹم کے تحت ہفتہ میں 3 دن پانی فراہم کرے گا اور سیوریج کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

واٹر بورڈ کے افسران نے مزید بتایا کہ بجلی کی بندش اور100ملین گیلن پانی کی عدم فراہمی کے باعث پانی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے واٹر بورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشنز کو بجلی کے بریک ڈاوٴن کا سامنا ہے ،جس کی وجہ سے فراہمی آب کا سسٹم شدید دباوٴ کا شکا رہے ۔

انہوں نے یقین دلایا کہ مناسب حکمت عملی اختیا رکرتے ہوئے ان علاقوں کوہفتہ میں 3دن شیڈول اور ناغہ کے تحت پانی فراہم کیا جائے گا ، تاکہ ان علاقوں کو پانی کی قلت سے نجات مل سکے ، جبکہ چیف انجینئر اور چیف انجنیئر ساوٴتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی سے اس مسائل کا تدارک کریں گے۔

اہم ترین

مزید خبریں