تازہ ترین

کشمیری سرحد پر پاک بھارت تجارت معطل

مظفرآباد: پاکستان اوربھارت کے درمیان کشمیرکے متنازعہ بارڈر سے جاری تجارت پاکستانی ڈرائیورکو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرنے کے باعث معطل ہوگئی ہے۔

برطانوی راج سے آزادی حاصل کرنے کے بعد کشمیردونوں ملکوں میں تقسیم ہو کررہ گیا تھا۔ ہمالیہ کی گود میں واقع اس حسین وادی کو دونوں ہی اپنا حصہ قرار دیتے ہیں۔

2008میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی امن کوششوں کے نتیجے میں کشمیر کی عارضی سرحد سے تجارت شروع ہوئی تھی لیکن دونوں ممالک کے درمیان موجود تنازعات ایک بارپھرتعطل کا باعث بن گئے ہیں۔

پاکستانی سرحد تجارت کو سہولت فراہم کرنے کے لئےتعینات افسر بشارت اقبال نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ بھارتی حکام نے انہیں جمعے کی شام اطلاع دی کہ اسی دن صبح بھارت روانہ کیے گئے 22 پاکستانی ٹرک روک لئے گئے ہیں۔

بشارت نے مزید بتایا کہ بھارتی حکام کا دعویٰ ہے کہ کینوؤں سے لدے ہوئے ٹرک میں سے 12 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔

اتھارٹی برائے کشمیر ٹریڈ انیڈ ٹریول کے ڈائریکٹرجنرل امتیازوائیں نے بتایا کہ واقعے کی خبر ملنے کے بعد پاکستانی سرحد میں
احتجاجاً 50 بھارتی ٹرک روک لیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے کے تحت دونوں ممالک پابند ہیں کہ اگر کسی ٹرک میں سے کوئی ممنوعہ شے برآمد ہو تو ٹرک ڈرائیور اور ممنوعہ سامان کو متعلقہ ملک کے حوالے کیا جائے گا لہذا پاکستانی ڈرائیور کی گرفتاری معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بھارت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد پاکستان کی جانب سے بھارت کے لئے اسپیشل بس سروس بھی عارضی طور پربند کردی گئی ہے۔

Comments

- Advertisement -
فواد رضا
فواد رضا
سید فواد رضا اے آروائی نیوز کی آن لائن ڈیسک پر نیوز ایڈیٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں‘ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ سے بی ایس کیا ہے اور ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال پرتنقیدی نظر رکھتے ہیں