ویلنگٹن : کمار سنگاکارا نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بارہ ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے پانچویں کھلاڑی بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین سنگاکارا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن ٹیسٹ میں بارہ ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پانچویں اور سری لنکا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
سنگاکارا سے قبل بھارت کے سچن ٹنڈولکر ،راہول ڈریوڈ، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور جنوبی افریقہ کے جیک کیلس بارہ ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
سنگاکارا ایک سو تیس ٹیسٹ میچز میں اٹھاون کی اوسط سے سینتیس سینچریاں اور اکیاون نصف سینچریاں بھی بناچکے ہیں۔ طویل فارمیٹ میں سنگاکارا کا بہترین اسکور بنگلہ دیش کے خلاف تین سو انیس رنز ہے۔
گزشتہ ماہ سنگاکارا نے ون ڈے میں تیرہ ہزار رنز عبور کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔