کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں تین سو بیس رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جبکہ پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک چھ وکٹوں پر دو سو چوالیس رنزبنالیے ہیں۔ کولمبو میں جاری ٹیسٹ کے دوسرےروز سری لنکا نے پہلی نامکمل اننگز دو سو اکسٹھ رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی توآخری دو بیٹسمینو ں نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے انسٹھ رنز کا اضافہ کیا اور اسکور تیس سو بیس رنز تک لے گئے۔
جنید خان نے پانچ اور وہاب ریاض نے تین شکار کئے۔ پاکستانی بیٹسمین رنگانا ہیراتھ کی بولنگ کے سامنے بے بس دکھائی دیئے۔ احمد شہزاد نے کیرئیر کی دوسری نصف سنچری بنائی مگر اٹھاون رنز پر پریرا کا شکار بنے۔ پاکستان کی نصف ٹیم ایک سو چالیس رنز پر پویلین واپس پہنچ چکی تھی۔تجربہ کار بیٹسمین یونس خان تیرہ رنز اور مصباح الحق پانچ رنز پر ہمت ہار گئے۔
اظہر علی بتیس،خرم منظور تئیس بناسکے ۔ اسد شفیق نے سرفراز احمد کیساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں ترانوے رنز اسکور میں جوڑے۔ ہیراتھ نے پارٹنر شپ توڑتے ہوئے اسد شفیق کو بیالیس رنز پر بولڈ کردیا۔ دن کے اختتام تک پاکستان نے چھ وکٹوں پر دو سو چوالیس رنزبنالیے۔ اپنی مسلسل تیسری نصف سنچری بناتے ہوئے وکٹ کیپر سرفراز احمد چھیاسٹھ رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔