کوئٹہ: کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر خضدار کے سارونہ میں سرچ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ باردو برآمد ہوا ہے، دہشت گردوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سی ٹی ڈی کی جانب سے ملک دشمن عناصر کے خلاف کوئٹہ سمیت ملک بھر میں آپریشن کئے جاتے ہیں، رواں سال ستمبر میں بھی تربت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ خود کش بمبارسمیت3ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارودبرآمد کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: سی ٹی ڈی کی کارروائی ، کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا
اس سے قبل لاہور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے موہلنوال میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد گرفتار کیا تھا ، کالعدم تنظیم کے گرفتار چاروں دہشت گردوں کا تعلق کراچی سے تھا۔
گذشتہ ماہ سی ٹی ڈی نے دیر بالا میں کارروائی کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد ہلاک کیا تھا، ہلاک دہشت گرد پولیس اورفورسز پرحملوں میں ملوث تھا۔