تازہ ترین

سوئیڈن میں غیرملکیوں کیلئے 1 لاکھ سے زائد نوکریاں

اسٹاک ہوم : خوبصورت جزیروں اور جھیلوں کے ملک سوئیڈن کی حکومت نے غیرملکیوں کیلئے روزگار کے دروازے کھول دیئے۔

سوئیڈش حکام نے ملک بھر میں ملازمین کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایک لاکھ ملازمتوں کا اعلان کیا ہے جس کے لیے 20 سے زائد شعبوں میں غیرملکی افراد اپنی قسمت آزما سکتے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں سویڈن کی جانب سے ملک بھر میں 106,565 خالی آسامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، گزشتہ سہ ماہی اور پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں کمی کے علاوہ ملک کو مختلف شعبوں میں ملازمین کی شدید کمی کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سوئیڈن کو سات مختلف شعبہ جات میں مزدوروں کی کمی کا سامنا ہے، پچھلے سال نجی اور سرکاری شعبوں میں بھی صورتحال ایسی ہی تھی۔

حکومت جن غیرملکی ہنر مند افراد کو درخواستیں جمع کرانے کا موقع فراہم کررہی ہے ان میں آئی ٹی، ہیلتھ کیئر، انجینئرنگ، تعلیم، تعمیرات، مینوفیکچرنگ، اور مشین آپریشنز شامل ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سوئیڈش ویزا حاصل کرنے کے لیے شرط یہ ہے کہ کسی بھی غیرملکی کو کم از کم 1220 یورو کی تنخواہ کی پیشکش کی جائے۔

اس کے علاوہ کسی مخصوص پیشے میں مہارت رکھنے والے غیرملکیوں کے لیے سوئیڈن کا ورک ویزا حاصل کرنے کا زیادہ امکان ہوگا۔

سوئیڈن کی لیبر اتھارٹی کے مطابق تعمیرات، ہنر مند تجارت، مینوفیکچرنگ، مشین آپریشنز، زراعت، نقل و حمل اور صحت کے شعبے ملازمین سے خالی پڑے ہوئے ہیں۔ ان شعبوں میں پرائمری اسکولوں میں اساتذہ، ہیلتھ کیئر اسسٹنٹس، موبائل فارم اور پودے لگانے والے آپریٹرز، بس اور ٹرک ڈرائیورز، پلمبرز، زرعی اور صنعتی مشینری میکینکس، مینوفیکچرنگ مشین آپریٹرز، تعمیراتی کارکن، بڑھئی، موٹر وہیکل میکینکس اور ویلڈرز درکار ہیں۔

لیبر اتھارٹی کے مطابق یورپی یونین، یورپی اقتصادی علاقے اور سوئٹزر لینڈ کے شہریوں کو سوئیڈن میں کام کرنے کے لیے ورک ویزا کی ضرورت نہیں ہے تاہم دوسرے ممالک کے افراد کو ورک ویزا کے لیے درخواست دینا ہوگی۔

مذکورہ ویزے کے لیے ملازمت کی پیش کش، معاہدہ، کم از کم ماہانہ تنخواہ 1220 یورو ہوگی اور اس کے علاوہ آجر سے صحت، لائف، ملازمت اور پنشن کی انشورنس بھی دی جائے گی۔

Comments

- Advertisement -