کراچی: شہرقائد میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجے گا، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل فیصلہ کن میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ رنگ جمائے گا، کل شاہین سری لنکن ٹیم پر جھپٹیں گے، میچ جمعرات کی صبح 10 بجے شروع ہوگا، دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کرلیں۔
ون ڈے اور ٹی 20 کے پعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ بھی لوٹ آئی ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں ایک دہائی بعد ٹیسٹ کرکٹ کی دھوم مچےگی، فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے پاکستان اور سری لنکن ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور تیاریاں کیں۔
بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے: اظہرعلی
قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی سیریز جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں، 2009 میں آخری بار اسی گراؤنڈ پر سری لنکن ٹیم نے ہی کھیلا تھا اب 2019 میں ٹوٹا ہوا سلسلہ سری لنکا ہی جوڑے گا، پنڈی ٹیسٹ سے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہوئیں، اب کراچی میں کرکٹ کے دیوانوں کو مقابلے کا بےصبری سے انتظار ہے۔
دوسری جانب قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے، وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی ہے، کھلاڑیوں نے فتح اپنے نام کرنے کے لیے جم کر پریکٹس کی ہے۔
خیال رہے کہ فاسٹ بولر عثمان شنواری کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا ہے۔