لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان اور لوگوں کی محبت کبھی نہیں بھول سکتا، پنجاب حکومت بلوچستان کی تعمیروترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے بلوچستان کے وزیرداخلہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعلی نے دورہ بلوچستان کے دوران پرجوش میزبانی پر اظہار تشکر بھی کیا۔
ملاقات کے موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تربت میں100بستروں کا اسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سینٹر بنایا جائے گا، دونوں منصوبوں کے لیے ایک ارب کا چیک حکومت بلوچستان کے حوالے کیا جاچکا ہے، موسیٰ خیل میں بینک اور طالبات کی ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مریض سرحدی علاقے سے ڈی جی خان منتقل کرنے کی سروس دیں گے، ڈی جی خان میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سے بلوچستان کے مریض مستفید ہوں گے، بلوچستان سے آنے والے لوگ ہمارے لی ےقابل احترام ہیں، ہمیشہ بلوچستان جاکر محبت دیکھی، پنجاب بھی محبتیں نچھاور کررہا ہے۔
دریں اثنا میرضیااللہ لانگو کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار نے پنجاب اور بلوچستان کو قریب لانے میں کردار ادا کیا، عثمان بزدار نے بلوچستان کے عوام کے دل جیت لیے ہیں، وفود کے باہمی تبادلوں سے محبت بڑھ رہی ہے، صوبائی ہم آہنگی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی خدمات قابل تحسین ہیں۔