مشی گن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میری انتظامیہ کیخلاف فیصلہ دینے والے ججز ہمارے ایجنڈے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بات انہوں نے اپنی صدارت کے دوسرے دور کے ابتدائی 100 دن مکمل ہونے پر مشی گن میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ میری انتظامیہ کیخلاف فیصلہ دینے والے ججز قانون کے نفاذ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، مٹھی بھر کمیونسٹ، بنیاد پرست بائیں بازو کے ججز کو رکاوٹ ڈالنے نہیں دے سکتے۔
اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ججز امریکا کو محفوظ رکھنے کے لیے صدر کو دیا گیا اختیار چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاہے ہمارے ٹیرف ایجنڈے نے دنیا کی منڈیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہو لیکن یہ مضبوط امریکی معیشت کا باعث بنے گا، انہوں نے بتایا کہ ہم چین سے ایک منصفانہ ٹیرف معاہدہ کرنے جارہے ہیں۔
اپنی تقریر میں ٹرمپ نے گزشتہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر جوبائیڈن نے اپنے دور میں ہمیں نسیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، ہمارے حامیوں کو جیل میں بھیجا گیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہمارےایجنڈے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہے، امریکی سپریم کورٹ صدارتی اختیارات میں مداخلت روکنے میں ہماری مدد کرے۔
واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز مشی گن کا دورہ کیا ہے جو ایک اہم انتخابی ریاست ہے اور جسے انہوں نے گزشتہ صدارتی انتخاب میں جیتا تھا۔
اپنی تقریر میں ٹرمپ نے اپنے ابتدائی ہفتوں کی کامیابیوں کو ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی عشروں سے سیاستدانوں نے ڈیٹرائٹ کو تباہ کیا تاکہ بیجنگ کو ترقی دی جا سکے لیکن اب آپ کے پاس ایک ایسا صدر ہے جو مزدوروں کا حقیقی حامی ہے۔
مزید پڑھیں : ڈونلڈ ٹرمپ کا روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو اہم مشورہ
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی یہ تقریر اور اقدامات اُن کے "امریکہ فرسٹ” نظریے کے عین مطابق ہے، جس میں انہوں نے قوم سے امریکی صنعت، روزگاراور قومی سلامتی کو بیرونی اثرات سے محفوظ رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔