اگر آپ اپنی ملامت کو خیرباد کہنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو آپ کو یہ منصوبہ بندی بھی کرنی چاہیے کہ آپ کس طرح صاف شفاف اور باعزت طریقے سے ادارے سے رخصت ہورہے ہیں۔
اس کیلیے یہ بھی ضروری ہے کہ آپ اپنے باس اور ساتھی کارکنان کے ساتھ اچھے معاملات کے ساتھ رخصت ہوں، کیونکہ یہ بھی ممکن ہے ان میں سے کچھ لوگ مستقبل میں آپ کے لیے کسی بھی لحاظ سے مددگار کا کردار ادا کرسکتے ہوں۔
جذبات پر قابو رکھیں
جیسا کہ مثال کے طور پر آپ سے کہا گیا ہے کہ کمپنی کو اب آپ کی خدمات کی ضرورت نہیں ہے۔ جس کے بعد آپ کا چیخنے کا، غصہ کرنے کا دل چاہے گا یا شاید آپ نوکری سے نہ نکالے جانے کی درخواست کریں گے تاہم ایسے موقع پر اپنے جذبات کو قابو میں رکھنا ہی بہتر حکمت عملی ہے۔
اپنے ساتھیوں کے سامنے جذبات کا اظہار کرنے سے بھی خود کو روکیے کیوں کہ مستقبل میں آپ چاہیں گے کہ آپ کی ٹیم کے ساتھی آپ کو آپ کی کامیابیوں کے لیے یاد کریں۔
انتقام یا بدلہ لینے کی کوشش
اگر آپ کو ایسا محسوس ہورہا ہے کہ آپ کے ساتھ انصاف نہیں کیا جارہا تو انتقام یا بدلہ لینے کی کوشش نہ کریں، اسکے علاوہ جاتے ہوئے دفتر کی اشیاء کو نقصان پہچانا یا چوری کرلینا بہت غیر اخلاقی حرکت ہے اس سے آپ کی ساکھ متاثر ہوگی اور پکڑے جانے پر اس کے سنگین نتائج بھی سامنے آسکتے ہیں۔
ملازمت کے آخری ایام کی کارکردگی
ملازمت سے استعفے کے بعد نوٹس پیریڈ کا مرحلہ بھی آتا ہے کوشش کریں کہ اس دوران آپ کی کارکردگی پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیے، بصورت دیگر آپ کے کولیگز کی نظر میں آپ کا کردار مشکوک اور عزت میں بھی فرق آئے گا، اور لوگ آپ کو اسی نظریے سے یاد رکھیں گے۔
اپنے کام کو ادھورا چھوڑنا
دفتر سے جانے کے بعد آپ کی جگہ پر آنے والا ملازم جب آپ کے پراجیکٹ پر کام شروع کرے گا تو اسے اندازہ ہوجائے گا کہ آپ کتنے پرافیشنل تھے۔ اس کیلئے جانے سے قبل اپنے منیجر کو تمام ترصورتحال سے آگاہ کریں اور کام کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کریں اور متعلقہ افراد کو بھی ای میل کے ذریعے آگاہ کریں۔
اہم ڈیٹا اور سامان واپس نہ کرنا
اہم ڈیٹا اور سامان کو واپس کرنا نہ بھولیں اور اس حوالے سے کلیئرنس حاصل کرلیں۔ کلیئرنس کو تمام متعلقہ افراد تک پہنچانا بھی آپ ہی کی ذمہ داری ہے۔
لین دین کے تمام معاملات خوش اسلوبی سے نمٹائیں
دفتر سے جانے سے قبل اپنے اوپر واجب الادا رقم چاہیں وہ میڈیکل بلز یا پھر سفری اخراجات کی صورت میں ہوں انہیں ادا کریں کیونکہ جانے کے بعد ایسا کرنا مشکل ہوگا۔
تنقید کرنے سے بچیں
ملازمت چھوڑ کر جانے سے قبل آپ کا انٹرویو لیا جائے گا یہ موقع اپنے غصہ یا دل کی بھڑاس نکالنے کا نہیں۔ آپ کی ’تعمیری تنقید‘ سے آپ یا آپ کی ٹیم کے ساتھیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اس لیے صرف ایسی بات کریں کہ آپ کے لیے کیا چیز بہتر رہی اور آپ کی ٹیم کی کیا خصوصیات تھیں۔
نئی ملازمت سے متعلق گفتگو کرنا
نوٹس پیریڈ کے دوران اپنے ساتھ کام کرنے والے افراد کے ساتھ اپنی نئی ملازمت یا انٹرویو کے حوالے سے منصوبے شیئر نہیں کریں۔ کیونکہ اس قسم کی گفتگو آپ کے ساتھیوں کے اندر منفی تاثرات کو جنم دے گی اور ساتھ ہی ناکامی کی صورت میں آپ کو شرمندگی بھی اٹھانا پڑ سکتی ہے۔
اپنے سینئرز کی غیبت کرنا
دفتر کے ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے منیجر کی غیبت کرنا کسی حد تک دلچسپ تو ہوسکتا ہے لیکن ایسا ہرگز نہ کریں کیونکہ آپ کی کہی ہوئیں باتیں آپ کی آئندہ ملازمت پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہیں۔ جس کا خمیازہ بھی آپ ہی کو بھگتنا پڑے گا۔
سی وی میں غلط معلومات کی فراہمی
کسی بھی نئے ادارے میں انٹرویو یا سی وی پیش کرتے ہوئے خود کو زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش نہ کریں اور انتہائی احتیاط سے کام لیں کیونکہ آپ سے متعلق معلومات کی چھان بین کرتے ہوئے اگر اس میں کچھ غلط ثابت ہوگیا تو نوکری بھی جائے گی اور دیگرمشکلات بھی پیش آسکتی ہیں۔
بغض و عناد نہ رکھیں
ملازمت چھوڑتے ہوئے اپنے دل میں کسی کیلیے بھی بغض و عناد یا کینہ نہیں رکھیں اور دفتر سے جاتے ہوئے تمام ساتھیوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔