خانیوال: بزرگ نے 14 تولے سونا اپنے پڑوسی کے پاس امانتاً رکھوایا تھا، اس کی خیانت کا مقدمہ پولیس نے 22 سال بعد درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے 22 برسوں سے انصاف کے منتظربزرگ کا مقدمہ بالآخر درج کرلیا، بزرگ احمد بخش کے پڑوسی نے 22 سال پہلے ان سے 14 تولے سونا امانتاً لیا تھا، پڑوسی غلام عباس نے وہ سونا بینک میں رکھ کر اس سے قرض لے لیا۔
احمد بخش کے سونا مانگنے پر پڑوسی غلام عباس نے واپس دینے سے انکار کردیا، احمد بخش نے سونے کی واپسی کیلئے بہت جتن کیے لیکن کامیابی نہ ملی۔
ڈی پی او کی کھلی کچہری میں بزرگ احمد بخش اپنا مسئلہ لےکر پہنچے، ڈی پی اواسماعیل کھاڑک نے انکوائری کے بعد مقدمہ درج کرادیا۔
بزرگ شہری 22 برسوں کے طویل انتظار کے بعد بعد مقدمہ درج ہونے پر خوشی سے نہال ہوگئے، احمد بخش نے ڈی پی او اور پولیس ٹیم کو ہار پہناکر ان کا شکریہ ادا کیا۔