اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مزید 15 ٹرینوں کے انتظام کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پاکستان ریلویزکی تنظیم نو میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں ریلوے اراضی واگزار کرانے سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی۔وزیراعظم نے ریلوے کی تنظیم نو کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے بہترانتظام کو یقینی بنانے کے لیے سی ای او کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کیا جائے،ملکی اور بیرون ملک مقیم پاکستانی افرادی قوت کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جائے۔
عمران خان نے نجی شعبے کے تحت ٹرینوں کے انتظام کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مزید 15 ٹرینوں کے انتظام کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گنجان آباد علاقوں میں اسٹیشنز کو کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنانے پر توجہ دی جائے،ایم ایل ون سی پیک کا اہم منصوبہ ہے،ریلوےکی تنظیم نو کو ایم ایل ون منصوبے کے تناظر میں مکمل کیا جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جدیدخطوط پر استوار،نجی شعبے کے لیے شراکت داری کے مواقع پیدا کیے جائیں،جہاں تک ممکن ہو مسافروں کو ان کی دہلیز تک ٹکٹیں پہنچانے کا انتظام یقینی بنایاجائے۔
وزیراعظم پاکستان نے مزید کہا کہ ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔