تازہ ترین

خونخوار چیتے کے حملے میں 15 افراد زخمی، ویڈیو وائرل

بھارتی ریاست آسام میں ایک خونخوار چیتا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کیمپس میں گھس گیا اور 15 افراد کو زخمی کردیا اس کی گاڑی پر حملے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ رواں ہفتے پیر کے روز پیش آیا جب آسام کے جورہاٹ ضلع میں رین فارسٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کیمپس ایک چیتا اچانک گھس گیا اور وہاں موجود لوگوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے جن میں محکمہ جنگلات کے تین اہلکاروں سمیت خواتین اور بچے شامل تھے۔

محکمہ جنگلات کے اہلکار نے بتایا کہ واقعے سے پہلے چیتا صبح سے ہی ضلع کے چنیجان علاقے میں کیمپس کے گرد گھوم رہا تھا۔ جس پر کیمپس کے رہائشیوں نے محکمہ جنگلات کو اطلاع دی اور وہاں سے ایک ٹیم اسے پکڑنے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچی تھی۔

اہلکار کے مطابق پکڑنے والی ٹیم کو دیکھ کر چیتے نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی اور اسی دوران وہ وہاں موجود لوگوں پر حملہ آور ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوئے۔

خود کو پکڑنے کی کارروائی کے دوران چیتے نے خونخوار انداز میں ایک وین پر بھی حملہ کیا تاہم خوش قسمتی سے وین کے دروازے اور شیشے بند تھے جس کے باعث لوگ محفوظ رہے۔

 

تاہم محکمہ جنگلات کے عملے نے بڑی کوششوں کے بعد بالآخر چیتے کو پکڑ ہی لیا اور اسے منتقل کردیا جب کہ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔

اس حوالے سے محکمہ جنگلات کے افسر رنجیت کور کا کہنا ہے کہ چیتا اکثر اپنا مقام تبدیل کرتا تھا۔ گزشتہ روز یہ بھٹک کر چائے کے باغات سے گھرے پڑوسی گاؤں میں داخل ہوا اور کئی مقامی لوگوں کو حملہ کرکے زخمی کردیا۔

Comments

- Advertisement -