راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 15 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ژوب کے علاقے سمبازہ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی اور 15 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے سپاہی عارف الرحمان شہید ہوگئے، علاقے میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا۔
گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے کولاچی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا تھا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج دہشتگرد ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے جن کے قبضے سے گولیاں اور ہتھیار برآمد کیے گئے تھے۔ علاقے میں دیگر دہشتگردوں کی تلاش کیلیے سینٹائزڈ آپریشن کیا گیا تھا۔
اس سے دو روز قبل خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 22 خارجی دہشتگرد مارے گئے تھے جبکہ 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشتگرد کو ہلاک کیا تھا جبکہ ٹانک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں 9 خوارجی مارے گئے تھے۔
تھل میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر خارجیوں کا حاملہ ناکام بنایا گیا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے، واقعے میں دھرتی کے 6 بہادر سپوتوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔