کراچی : سندھ میں ایس اوپیزپرعملدرآمد کی تحریری یقین دہانی کے بعدمزید ایک سوتریپن برآمدی یونٹوں کوکام کی اجازت مل گئی، تمام فیکٹریوں پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس و پیز پر عمل کرنالازمی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاک ڈاون کے دوران صنعتکاروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ نے برآمدات اور ٹیکسٹائل کی مزید 153 برآمدی صنعتوں کو معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے تحت کھولنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ وہ اپنے برآمد کے آرڈرز کو پورا کرسکیں۔
محکمہ داخلہ سندھ نےبرآمدی یونٹوں کوکام کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کی رو سےکورونا بچاؤکےوضع کردہ طریقہ کارپرعمل کرنالازم ہوگا، لاک ڈاؤن سے استثنیٰ برآمدی یونٹوں کی تعداد 373 ہوگئی۔
محکمہ محنت سندھ اورٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی سے تصدیق کےبعد یونٹوں کو کام کی اجازت دی گئی ، نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تمام برآمدی یونٹس کراچی کے مختلف صنعتی علاقوں میں واقع ہیں، برآمدی صنعتوں کوکورونا بچاؤ کیلئے وضع کردہ طریقہ کارپرعمل کرناہوگا اور ایس اوپیز پرعملدرآمدیقینی بناناصنعتی یونٹس کےمالکان کی ذمہ داری ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کہا کہ صنعتی یونٹس پرصرف برآمدی آرڈز پرکام کرنےکی اجازت ہوگی، صنعتی یونٹس کی انتظامیہ کوملازمین کی تمام ترتفصیلات جمع کرانا ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا حلف نامے کی خلاف ورزی پر برآمدی صنعتوں کے خلاف کاروائی بھی ک جائے گی، تمام فیکٹریز ایس او پیز پر عمل کرنے کی پابند ہوں گی جبکہ ملازمین کا درجہ حرارت چیک کرنے سمیت ماسک، سماجی فاصلے اور ماسک سیناٹائزر فراہم کیا جائے گا۔
خیال رہے اس سے قبل سندھ حکومت نے220برآمدی صنعتوں کوکام کرنےکی اجازت دی تھی۔