اسلام آباد: سیلاب متاثرین کے ’آنگنوں‘ میں بھی خوشیوں کے پھول کھلنے لگے، کیمپوں میں 19 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں مشکلات میں گھرے سیلاب متاثرین کے فلڈ کیمپوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 19 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
سندھ محکمہ صحت کی جانب سے وفاقی حکومت کو سیلاب زدہ علاقوں سے متعلق فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق سیلاب متاثرین کے ہاں جنم لینے والے بچوں کی تعداد 3 ہزار 730 ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے فلڈ کیمپوں میں 9 ہزار 685 حاملہ خواتین موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فلڈ کیمپس میں موجود حاملہ خواتین میں سے 1 ہزار 949 خواتین حمل کے پہلے فیز میں، 3 ہزار 980 خواتین دوسرے فیز میں، 2 ہزار 581 خواتین تیسرے، جب کہ 1 ہزار 175 خواتین حمل کے آخری فیز میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے سندھ فلڈ کیمپس میں 7 ہزار 992 حاملہ خواتین کے طبی معائنے کیے جا چکے ہیں۔
کیمپوں میں موجود 8 ہزار 884 حاملہ خواتین کو ڈائٹری سپلیمنٹ فراہم کیا گیا ہے، جب کہ 8 ہزار 74 حاملہ خواتین کو ڈپتھیریا اور ٹیٹنس سمیت دیگر وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔