راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس ایک بار پھرموخر کردیا۔
عدالتی عملے نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری کو آگاہ کیا ، وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا کورٹ اسٹاف نے بتایا ہے کہ فیصلہ آج نہیں سنایا جائے گا اور فیصلہ سنانےکی اگلی تاریخ آج مقرر کی جائے گی۔
بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ اب 13 جنوری کو سنایا جائے گا، جج احتساب عدالت ناصرجاوید رانا کی رخصت کے باعث فیصلہ نہ سنایا جاسکا۔
مزید پڑھیں : 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر
واضح رہے کہ عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ 18 دسمبر کو محفوظ کیا تھا، پہلے 23 دسمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم عدالت نے فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ ملتوی کرکے 6 جنوری مقرر کی تھی۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 13 نومبر 2023 کو 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی تھی اور 17 دن تک بانی پی ٹی آئی سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی تھی۔
190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیا ہے؟
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ اور دیگر کے خلاف القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کے نام پر سیکڑوں کنال اراضی مبینہ طور پر حاصل کرنے کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا، جس سے مبینہ طور پر قومی خزانے کو 190 ملین پاؤنڈ کا نقصان پہنچا۔
الزامات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور دیگر ملزمان نے مبینہ طور پر 50 بلین روپے ایڈجسٹ کیے، اس وقت 190 ملین پاؤنڈ جو کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) نے حکومت کو بھیجے تھے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے 26 دسمبر 2019 کو القادر یونیورسٹی پروجیکٹ کے لیے ٹرسٹ رجسٹر کیا۔