اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

سرکاری ملازمت سے غیر قانونی طور پر مستفید ہونے والے 2 افراد گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: اینٹی کرپشن ایسٹ زون نے شہر قائد میں سرکاری ملازمت سے غیر قانونی طور پر مستفید ہونے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن ایسٹ زون کراچی نے گورنمنٹ ڈگری کالج گلستان جوہر پر چھاپا مار کر بہ یک وقت دو سرکاری نوکریاں کرنے والے ملازم نادر خان کو گرفتار کر لیا، بعد ازاں لیاقت آباد میں ایک اور چھاپے میں سیکریٹری یو سی 40 کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ ضمیر عباسی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اینٹی کرپشن نے لیاقت آباد میں چھاپے کے دوران یو سی 40 کے سیکریٹری سلمان کو گرفتار کیا ہے، سلمان نے نادر خان کو گھوسٹ ملازمت دلوائی تھی، اور وہ اس کے بدلے نادر خان سے تنخواہ کے آدھے پیسے ماہانہ وصول کرتا تھا۔

ضمیر عباسی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، اینٹی کرپشن کی جانب سے یو سی 40 لیاقت آباد لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ پر چھاپا مجسٹریٹ کی موجودگی میں مارا گیا تھا، اینٹی کرپشن ایسٹ نے ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق گھوسٹ ملازمت دینے والے سیکریٹری یو سی سلمان کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، ملزم نادر خان کو گلستان جوہر ڈگری کالج سے گرفتار کیا گیا، ملزم یو سی 40 لیاقت آباد لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ میں بھی نوکری کرتا تھا، اینٹی کرپشن ایسٹ نے دونوں دفاتر سے تمام ثبوت اکھٹے کر لیے ہیں۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں