اسلام آباد: این آئی ایچ نے کہا ہے کہ ملک میں ایک روز کے دوران 2 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق این آئی ایچ ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی ادارہ صحت نے بنوں اور لکی مروت سے ایک ہی دن میں پولیو کیسز کی تصدیق کی ہے۔
پولیو کیس لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ سے سامنے آیا ہے، پولیو پازیٹو 26 ماہ کی بچی یو سی بخمل احمد زنی کی رہائشی ہے، متاثرہ بچی میں 22 اپریل کو پولیو کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔
بنوں سے سامنے آنے والے پولیو کیس میں متاثرہ بچہ یو سی سائیں تنگی ایس ڈی وزیر کا رہائشی ہے، 40 ماہ کے بچے میں یکم مئی کو پولیو کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔
پولیو ویکسین سے انکاری والدین میں واضح کمی، مصطفیٰ کمال کی گیٹس فاؤنڈیشن کے عہدیدار سے ملاقات
ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2023 سے یو سی سائیں تنگہ میں جامع پولیو مہم نہیں چلی ہے، یو سی سائیں تنگہ بنوں میں والدین پولیو ویکسین پلانے سے انکاری ہیں، اور پولیو ٹیموں کو بچوں تک رسائی میں مشکلات ہیں۔
ذرائع کے مطابق جنوبی خیبر پختونخوا میں پولیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، یو سی بخمل احمد زئی لکی مروت میں سینکڑوں بچے پولیو ویکسین سے محروم ہیں، خواتین پولیو ویکسینیٹرز کی کمی کا بھی سامنا ہے، اور والدین کی کثیر تعداد پولیو ویکسینیشن سے انکاری ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں رواں سال کے پولیو کیسز کی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے۔