بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں سونے سے بھرے 2 ٹرک پکڑ لیے جس میں 1425 کلو (35 من سے زائد) سونے کی سلاخیں موجود تھیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن کے فلائنگ اسکواڈ نے تامل ناڈو کانچی پورم ضلع کے منجور ونڈالور آؤٹر رنگ روڈ پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران سونے سے بھرے ہوئے دو ٹرک پکڑ لیے۔ یہ ٹرک منجور سے سریپرمبدور کی طرف تیز رفتاری سے جا رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق تلاشی لینے پر ان ٹرکوں سے 1425 کلو گرام سونے کی سلاخیں برآمد ہوئیں، جنہیں ضبط کر لیا ہے۔ پکڑے جانے والے سونے کی مالیت 700 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے اور یہ سونا ضروری دستاویزات کے بغیر دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ 400 کلو سونے کی سلاخوں کے دستاویزات ہیں اور باقی سونے کی سلاخوں کی رسیدیں نہیں تھیں۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے انکم ٹیکس حکام کو بھاری ضبطی کی اطلاع دی ہے۔ سونے کی سلاخوں کے اصلی ہونے اور غیر قانونی منتقل کرنے کے مقصد کے بارے میں تفصیلات انکم ٹیکس حکام اور کانچی پورم ضلع کے انتخابی عہدیداروں کے سریپرمبدور ریونیو کمشنر کے دفتر میں اپنی تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔
واضح رہے کہ یہ کارروائی ایسے وقت کی گئی ہے جب پارلیمانی انتخابات سے قبل انتخابی ضابطہ اخلاق پورے ملک میں نافذ العمل ہے اور الیکشن کمیشن نے تمام حلقوں میں متعدد فلائنگ اسکواڈز تعینات کر دیے ہیں جو 24 گھنٹے گشت کرتے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر رقم اور اشیا کی منتقلی کو روکا جا سکے۔