تازہ ترین

ابوظبی میں 2 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 2 سالہ بچہ گھر کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی کے علاقے العین میں 2 سالہ بچہ کھیل کے دوران اچانک سوئمنگ پول میں ڈوب گیا، بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

ابوظبی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ والدین بچوں پر کڑی نگاہ رکھیں، اس طرح کے واقعات کا ہونا والدین کی لاپرواہی ظاہر کرتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ والدین سوئمنگ پول کی طرف جانے والے دروازوں کو بند رکھیں تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جاسکے۔

مزید پڑھیں: دبئی میں تین سالہ بچی سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں دبئی کی رہائشی عمارت کے سوئمنگ پول میں تین سالہ جرمن بچی جاں بحق ہوگئی تھی۔

یاد رہے کہ شارجہ کے نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں چار سالہ طالب علم 14 نومبر کو ڈوب گیا تھا، اسکول انتظامیہ کو جب واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے بچے کو ایمبولینس کے ذریعے القاسمی اسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس جون میں دو بچے اس وقت سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے جب والدین افطاری کرنے میں مصروف تھے۔

Comments

- Advertisement -