جدہ : سعودی عرب میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ملک بدر کیے گئے 20 پاکستانی شہری لاہور پہنچ گئے۔
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی شہریوں سمیت سیکڑوں افراد کو گزشتہ ہفتے سے ان کے ممالک بھیجا جا رہاہے۔
سعودی محکمہ جوازات نے گزشتہ دنوں پکڑے گئے متعدد پاکستانی شہریوں میں سے 20 پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کردیا جو منگل اور بدھ کی درمیانی شب نجی ایئرلائن کی پرواز سے لاہور پہنچ گئے۔
ان 20 افراد کو پاکستانی امیگریشن حکام نے تفتیش اور ضروری کاغذی کارروائی کے بعد چھوڑ دیا جو بعدازاں گھروں کو روانہ ہوگئے۔
اطلاعات ہیں مذکورہ پاکستانی ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں مقیم تھے، چھاپہ مار کارروائی کے دوران سعودی حکام نے بے شمار پاکستانیوں اور دیگر ملکوں کے افراد کو پکڑا ہے جنہیں مرحلہ وار ڈی پورٹ کرنے کا عمل جاری ہے۔
یہ پڑھیں: دنیا بھر سے 2لاکھ 66 ہزار پاکستانی ملک بدر
چند روز قبل ہی وزارت داخلہ نے رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ تین برس میں دو لاکھ 66 ہزار پاکستانیوں کو دنیا بھر سے بے دخل کیا گیا جن میں سر فہرست سعودی عرب ہے جہاں سےایک لاکھ 39 ہزار پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔