اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 211 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مثبت کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 211 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں خطے کے جیو اسٹریٹجک انوائرمنٹ اور سیکیورٹی سے متعلق بات چیت ہوئی۔
کانفرنس میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مثبت کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ آپریشن رد الفساد میں ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں خطے میں قیام امن کی کوششیں جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ قومی فریضہ مکمل ذمہ داری سے انجام دیں گے۔ شفاف اور آزادانہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی ضروری معاونت کی جائے گی۔
خیال رہے کہ رواں برس عام انتخابات 2018 بھی فوج کی نگرانی میں ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے الیکشن میں پاک فوج کو تعینات کرنے کی منظوری دیتے ہوئے وزارت دفاع کو سمری بھجوا دی گئی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ساڑھے 3 لاکھ فوجی اہلکاروں کی ضرورت ہے، وزارت دفاع نے ڈھائی لاکھ فوجی اہلکار فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ حتمی منظوری کے بعد جوانوں کی تعداد کا تعین کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ سے ایک روز پہلے پولنگ اسٹیشنز کا کنٹرول فوج سنبھالے گی۔
ذرائع کے مطابق پرنٹنگ پریس کی نگرانی کا کنٹرول بھی فوج کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں ہوگی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔