چلاس : بابوسر ٹاپ پر پھنسے تمام افراد کو ریسکیو کرلیا گیا اور بابوسر نیشنل ہائے وے سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق چلاس میں رات گئے ریسکیو آپریشن مکمل کرتے ہوئے بابوسر ٹاپ پر پھنسے تمام افراد کوریسکیو کرلیا گیا ، 200 سے زائد پھنسی گاڑیوں کو روانہ کردیا گیا۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر چلاس حسین شاہ نے کہا کہ تحصیلدار ہیڈکوارٹر چلاس منظوراحمد سمیت دیگرعملہ بھی ہمراہ ہے، دوسو سے زائد گاڑیوں کو ریسکیوکرکے محفوظ مقام پرمنتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔
پھنسے افراد کو ہرقسم کی مدد فراہم کی جارہی ہے، دن بھر امدادی کارروائیوں میں ضلعی انتظامیہ دیامر کی ٹیم بابوسر ٹاپ پر موجود رہی۔
بابوسر نیشنل ہائے وے سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے، سرد ہواؤں اور پھسلن کے باعث شاہراہ سے برف ہٹانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
برفباری کے باعث بابوسر ٹاپ اور گیٹی داس میں لوگ گھروں میں محصور ہیں ، بابوسر ٹاپ پر درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ دنوں گیٹی داس میں شدید برفباری سے درجنوں مویشی ہلاک ہوگئے تھے۔