تازہ ترین

لاہور:‌ کرائے دار کی مالک مکان پر فائرنگ، بیٹی جاں‌ بحق، ماں‌، باپ بچہ زخمی

لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کرایے دار نے گھر خالی کرنے کا کہنے پر مالک مکان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں  میاں، بیوی زخمی جبکہ دو سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں واقع کامران پارک کے قریب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کرائے دار نے اندھا دھند فائرنگ کی۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ سے 2 سالہ بچی جاں بحق  جبکہ میاں، بیوی اور بیٹا زخمی ہوئے۔ جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص زخمی اختر کا کرائے دار ہے، مالک مکان نے ملزم شہباز کو مکان خالی کرنے کہا جس پر اس نے طیش میں آکر فائرنگ کردی۔

ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعات ناقابلِ برداشت ہیں، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ ساجد کیانی کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

Comments

- Advertisement -