رحیم یار خان: پنجاب کے شہر خان پور سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی ایک جوان لڑکی کو 7 ماہ ہو گئے، لیکن پولیس اسے بازیاب نہ کرا سکی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خانپور کے موضع محمود کوٹ سے 7 ماہ قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والی 26 سالہ لڑکی ساجدہ بی بی تاحال نہیں مل سکی ہے۔
سات ماہ سے مبینہ مغوی لڑکی کی واپسی کے لیے پریشان ورثا نے لڑکی نہ ملنے پر آج مجبور ہو کر اہل علاقہ کے ہمراہ تھانہ صدر پولیس کے خلاف احتجاج بھی کیا۔
لڑکی کی والدہ نے روتے ہوئے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں اور زندہ یا مردہ میری بیٹی کو بازیاب کرایا جائے۔
دوسری طرف لاپتا لڑکی کے بھائی محبوب نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بہن کو خالد لاڑ نے اغوا کیا ہے، پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا مگر ملزمان گرفتار کیے، نہ بہن بازیاب کرائی۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے با اثر ملزمان کو ایک بار تھانے بلایا تھا اور پھر انھیں چھوڑ دیا۔
یاد رہے کہ 25 جنوری 2021 کو خان پور کے علاقے نہر کنارہ روڈ پر بھی ایک شہری کے اغوا کی واردات کی گئی تھی، 4 افراد نے ایک شہری کو اغوا کر لیا تھا۔ جنوری ہی میں چک 5 پی میں 14 سال کی لڑکی سویرا بی بی کو چھریوں کے وار سے قتل کیا گیا تھا۔