فرانس : ماہرین آثار قدیمہ نے 28 گھوڑوں کی اجتماعی قبریں دریافت کی ہیں جو تقریباً 2ہزار سال پرانی ہیں۔
گھوڑوں کی لاشوں کو قبروں کے اندر قطار میں دفنایا گیا تھا، محققین کا خیال ہے کہ ان گھوڑوں کو ایک ہی وقت میں دفن کیا گیا اور یہ کہ وہ جنگوں کے دوران ہلاک ہوئے ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تحقیق کے دوران فرانسیسی ماہرین آثار قدیمہ نے وسطی فرانس میں واقع ایک علاقے میں نو قبریں دریافت کیں، جن میں ان 28 گھوڑوں کے ڈھانچے دریافت ہوئے۔
گھوڑوں کی ہڈیوں کو ایک مخصوص سائنسی عمل سے گزارا گیا جس سے ماہرین نے اندازہ لگایا کہ ان گھوڑوں کو سو قبلِ مسیح سے 100 عیسوی کے درمیان دفنایا گیا ہوگا۔
ماہرین کے مطابق ان تمام گھوڑوں کو ان کی موت کے فوراً بعد ہی ایک ہی وقت میں دفن کیا گیا تھا، ان گھوڑوں کی قبروں کے درمیان ایک اور قبر دریافت ہوئی ہے لیکن اس میں دو درمیانے سائز کے کتوں کے ڈھانچے بھی ملے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ماہرین آثار قدیمہ نے ابھی تک باقی قبروں کی مکمل کھدائی نہیں کی ہے تاہم وہ پہلے ہی سطح پر دکھائی دینے والی کھوپڑیوں اور ہڈیوں سے کل 28 گھوڑوں کی شناخت کرچکے ہیں۔