کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 29 کیسز کی تصدیق کر دی گئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 45 ہو گئی ہے، کوئٹہ قرنطینہ میں 252 افراد کے ٹیسٹ رپورٹ آ گئے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق تفتان میں 16 ٹیسٹ رپورٹس میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی، متاثرہ مریضوں کو آئسولیشن رومز میں منتقل کیا جا رہا ہے، متاثرہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایک اور پاکستانی کرونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب
دریں اثنا، کرونا وائرس کے سلسلے میں بلوچستان میں طبی عملے کو ناقص حفاظتی آلات فراہمی کا انکشاف ہوا ہے، بلوچستان میں ڈاکٹرز کو ملنے والے حفاظتی سوٹ غیر معیاری نکلے، ذرایع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ڈاکٹرز کے حفاظتی سوٹ استعمال کے پہلے روز ہی پھٹ گئے، غیر معیاری سوٹ نے صوبائی حکومت کے انتظامات کا پول کھول دیا۔
ذرایع کے مطابق بلوچستان میں کرونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز خوف کا شکار ہیں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ پھٹنے والے حفاظتی سوٹ کرونا وائرس کا مقابلہ کیسے کریں گے۔ ذرایع نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان حکومت نے حفاظتی سوٹ کی خریداری مقامی مارکیٹ سے کی تھی۔