پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

کراچی، تیز رفتار کار ٹریلر سے ٹکرا گئی، 3 دوست جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے شیر شاہ چوک پر ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ میں چوک پر کھڑے ایک ٹریلر کے ساتھ بے قابو کار ٹکرا گئی جس سے تین افراد جاں بحق ہو گئے، دو شدید زخمی ہو گئے جنھیں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد آپس میں دوست تھے، تمام افراد شیر شاہ اور اردو بازار کے رہایشی تھے، جاں بحق ہونے والوں میں فاروق علی، افتخار مجید اور کامران خان شامل ہیں جب کہ جمیل اور سہیل زخمی ہوئے، حادثے کے وقت افتخار گاڑی چلا رہا تھا۔

افتخار کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ افتخار کی اپنی اور شادی کی سال گرہ تھی، وہ دوستوں کو مٹھائی کھلانے لے جا رہا تھا، افتخار مجید نے 8 بکرے بھی خریدے تھے، اور 150 دوستوں کی دعوت رکھی تھی، جس کے لیے ایک فارم ہاؤس بک کرا رکھا تھا، حادثے کی شکار گاڑی میٹروول سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:  ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق، جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی

یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق جب کہ جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس اہل کار اللہ دتہ پرانا گولیمار انڈرپاس کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے جبکہ جناح اسپتال کراچی کے آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر سعید منہاس آرٹس کونسل کے قریب ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے۔

دو روز قبل بھی کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 4 میں ایک ٹریفک حادثے میں پولیس اہل کار زخمی ہو گیا تھا۔ جب کہ قیوم آباد ندی کے قریب ایک اور ٹریفک حادثے میں ریسکیو ذرایع کے مطابق ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں