پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں ایک شہری کے مسجد سے باہر تین لاکھ روپے مالیت کے قیمتی جوتے چوری ہوگئے پولیس نے 2 ملزمان گرفتار کر لیے۔
پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں اسلام آباد-پشاور موٹر وے (ایم ون) پر ہکلہ کے قریب مسجد کے باہر سے 3 لاکھ روپے مالیت کے قیمتی جوتے چوری ہوگئے۔
اسلام آباد کے رہائشی اور مسروقہ جاتوں کے مالک بخت منیر نے پولیس میں اپنے تین لاکھ روپے مالیت کے قیمتی جوتوں کی مسجد سے باہر چوری کی رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اسلام آباد پشاور موٹر وے ایم ون کے ریسٹ ایریا میں ہکلہ کے قریب واقع ایک مسجد میں نماز پڑھنے گیا تھا جہاں کسی نے اس کے انتہائی قیمتی جوتے چرا لیے۔
شہری کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں سے مشتبہ چور کی شناخت بھی ہوگئی ہے اور چور ایک لگژری کار کا مالک ہے جس سے انہوں نے فوٹیج میں گاڑی کی نمبر پلیٹ ٹریس کرنے کے بعد ملزم سے رابطہ کیا لیکن اس نے جوتے واپس کرنے سے انکار کر دیا۔
دوسری جانب ٹیکسلا پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے جوتا چور گروپ کے سرغنہ کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے گینگ کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر نور احمد اور سرغنہ حمزہ عرف کمانڈو کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے مذکورہ قیمتی جوتے کی جوڑی کے علاوہ دیگر سے چھینی گئی پانچ موٹر سائیکلیں اور مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گینگ کے دو ارکان نے علاقے میں مختلف ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کی وارداتوں کا اعتراف کرچکے ہیں۔