مزید تین ریٹائرڈ فوجی افسران کو تحویل میں لے لیا گیا ہے تینوں افسران کو لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے کورٹ مارشل کے سلسلے میں تحویل میں لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کیخلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں 3 مزید ریٹائرڈ فوجی افسران کو تحویل میں لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تینوں ریٹائرڈافسران کو فوجی نظم و ضبط کیخلاف اقدامات کی وجہ سے تحویل میں لیا گیا ہے جب کہ بعض ریٹائرڈ افسران اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مخصوص سیاسی مفادات کی ایما پر اور ملی بھگت سے عدم استحکام کو ہوا دینے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ پیر کو سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے انہیں فوجی تحویل میں لیے لیا گیا تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فیض حمید کے خلاف ٹاپ سٹی کیس میں شکایات موصول ہوئی تھیں اور ان کے خلاف متعدد بے ضابطگیاں ثابت ہوئی ہیں۔
فیض حمید کیخلاف کورٹ مارشل کارروائی شروع، تحویل میں لے لیا گیا