لاہور: زندہ دلان لاہور میں آج چند گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں قتل کے 3 واقعات رونما ہوئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور لنک روڈ پر چند دن قبل خاتون سے زیادتی کے واقعے کے بعد بچوں سے زیادتی کے مختلف واقعات کے ساتھ ساتھ آج چند گھنٹوں کے دوران قتل کے بھی تین واقعات سامنے آئے ہیں۔
قتل کے 2 واقعات شالیمار تحصیل کے باغبانپورہ ٹاؤن میں جب کہ ایک فیروزپور روڈ پر واقع کاہنہ ٹاؤن میں پیش آیا۔ پہلی واردات میں باغبان پورہ میں موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کر کے ذوالفقار نامی شخص کو قتل کیا۔
باغبان پورہ میں قتل کی دوسری واردات میں شوہر نے بیوی کو سر پر لوہا مار کر قتل کیا، پولیس نے ملزم عمران کو گرفتار کر لیا، جب کہ اس کی بیوی کی لاش سرد خانے منتقل کر دی۔
پنجاب، 2 بچوں کے ساتھ بدفعلی، سوتیلی بیٹی کے ساتھ باپ کی زیادتی کی کوشش
تھانہ کاہنہ کی حدود میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر ناصر مسیح کو قتل کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ناصر چھت پر سو رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر سرگودھا کے علاقے میلووال میں گھریلو ملازمہ کے ساتھ زیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا تھا جہاں اوباش زمیندار 16 سالہ لڑکی کو گزشتہ 6 ماہ سے مسلسل زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
سرگودھا: اوباش زمیندار کی گھریلو ملازمہ سے زیادتی
گزشتہ روز پنجاب کے شہر پسرور میں دو بچوں کے ساتھ بد فعلی کا ہول ناک واقعہ رونما ہوا تھا جب کہ اوکاڑہ میں سوتیلے باپ نے بیٹی کے ساتھ زیادتی اور اُس کی نازیبا ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔ گزشتہ روز پنجاب کے مختلف علاقوں میں بچیوں کے ساتھ زیادتی کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ نارووال کی تحصیل ظفر وال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادتی کے تین کیسز رپورٹ ہوئے۔