لاہور: شہر قائد اور اندرون سندھ میں ہونے والی حالیہ بارشوں کی وجہ سے 3 ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور اندرون سندھ میں بارشوں کے باعث 3 ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں۔ڈی سی او ریلوے نے بتایا کہ قراقرم ایکسپریس،شاہ حسین ایکسپریس،کراچی ایکسپریس منسوخ کی گئی۔
ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے کا کہنا ہے کہ منسوخ کی گئی ٹرینوں کے مسافروں کو فل ریفنڈ دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی سے حیدرآباد کے درمیان ٹریک کا کچھ حصہ بارش کے پانی میں بہہ گیا تھا ٹریک متاثر ہونے سے اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریکس بلاک کر کے ٹرین آپریشن معطل کر دیا گیا تھا۔
عوامی ایکسپریس کو کراچی سے جانے سے روک دیا گیا تھا اور فرید ایکسپریس کو بولہاری کے مقام پر روک دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا بارشوں کا سسٹم بحیرہ عرب سے نمی لے کر زیریں سندھ پر اثر انداز ہوگیا ہے جس کے تحت آج شام کراچی میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔