کراچی: اندورن سندھ سے کتنے سیلاب متاثرین کراچی آچکے؟ کمشنر کراچی نے اعدادوشمار جاری کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی جانب سے بتایا گیا کہ کراچی کے پانچ اضلاع میں قائم 38 ریلیف کیمپوں میں اب تک 14550 متاثرین کو ٹہرایا گیا ہے، متاثرین کو خوراک،پانی اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔
کمشنر کراچی نے بتایا کہ ضلع شرقی میں سب سے زیادہ 14 کیمپ قائم کئے گئے ہیں، جہاں سرکاری عمارتوں میں 5891 متاثرین سیلاب کو رکھا گیا ہے۔
ضلع غربی کے چھ کیمپوں میں 3369 متاثرین کو ٹہرایا گیا ہے، ضلع وسطی میں دو ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں تاہم وہاں ابھی تک کوئی متاثرہ فرد موجود نہیں۔
کمشنر کراچی نے بتایا کہ ضلع ملیر کے آٹھ ریلیف کیمپوں میں 4110 متاثرین موجود ہیں،ضلع کیماڑی میں سات ریلیف کیمپ بنائے گئے ہیں جہاں متاثرین سیلاب کی تعداد 730 ہے اسی طرح ضلع کورنگی میں کیمپ کی تعداد ایک ہے جہاں 450 متاثرین کو رہائش فراہم کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب سے ملکی معیشت کو کتنے ارب ڈالر کا نقصان ہوا؟
دوسری جانب وزارت ماحولیات تبدیلی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں سیلابی ہنگامی صورتحال نویں ہفتے بھی جاری ہے، اور ملک کا 70 فیصد حصہ زیرآب ہے، پاکستان کے جنوبی حصوں میں کئی مقامات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیلاب سے ملک کے مختلف حصوں میں 5000 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ 243 پل تباہ ہوگئے ہیں۔
سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد آبادی متاثر ہے اور 10 لاکھ سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔